اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ نے راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج اعجاز آصف سے نو مئی مقدمات کی منتقلی سے متعلق حکومت پنجاب کی اپیلیں خارج کرنے کاتحریری فیصلہ بھی جاری کردیا ،چیف جسٹس یحیٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل تین رکنی بنچ کی جانب سے جمعہ کے روز جاری فیصلے میں قراردیا گیا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو آئین کے آرٹیکل203کے تحت عدالتی افسروں کو انتظامی مداخلت سے بچانے کا آئینی اختیار حاصل ہے، انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج کے خلاف ریفرنس ناکافی شواہد کی بنا پر مسترد کیا گیا ، تبصرے ذاتی نوعیت کے ہوں تو وہ آئندہ کارروائیوں پر اثرانداز نہیں ہونگے، ریاستی اہلکاروں کے طرز عمل پر چیف جسٹس ہائیکورٹ کے ریمارکس انتظامی دائرہ اختیار میں آتے ہیں، انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج پر تعصب کا الزام ثابت نہیں ہو سکا، ایڈمنسٹریٹو جج نے ریفرنس مسترد کر دیا تھا۔