• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کم، عوام محروم، مڈل مین من مانی کررہے ہیں، قیمتوں پر کنٹرول یقینی بنائیں گے، مقصد عام آدمی کو فائدہ پہنچانا ہے، وزیر خزانہ

لاہور(نمائندہ جنگ/ایجنسیاں )وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مہنگائی میں کمی کا فائدہ عوام کو نہ پہنچنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ اگر مہنگائی میں کمی کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ رہے تواس کا کوئی فائدہ نہیں ہے‘عالمی منڈی میں کمی کے باوجود یہاں قیمتیں اوپر جارہی ہیں ‘مڈل مین من مانی کر رہے ہیں ، صوبائی حکومتوں اور انتظامیہ سے مل کر یقینی بنائیں گے کہ قیمتیں کنٹرول ہوں‘ہمارا اصل مقصد عام آدمی کو فائدہ پہنچانا ہے‘ہماراانکم ٹیکس نظام بہت پیچیدہ ہے ‘ایسا طبقہ جس کی جائیداد یہاں ہے نہ وہاں اس کو بھی پیچیدہ ٹیکس نظام میں الجھایا ہوا ہے‘تنخواہ دارطبقے کیلئے ہم سادہ سا فارم متعارف کروائیں گے‘ تالی دونوں ہاتھ سے بجتی ہے‘ سرکاری افسران رشوت لے رہے ہیں تو کوئی رشوت دے بھی تو رہا ہے‘بزنس کمیونٹی رشوت دینا بندکردے ‘فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں ایسے افسران لائیں گے جن کی ساکھ اور شہرت اچھی ہوگی‘ایمنسٹی اسکیم کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں‘میں خود اس کے خلاف ہوں‘ پرائیویٹ سیکٹرآگے بڑھے اور حکومت کو کاروبار سے نکالے ‘ ریکوڈک پروجیکٹ ہمارا خواب ہےجو پاکستان کو آگے لیکر جائے گا‘اسٹاک مارکیٹ اوپر اور نیچے ہوتی رہے گی،اس میں کچھ وجوہات بیرونی بھی ہیں‘ہمیں دیکھنا ہے کہ ہم صحیح سمت میں چل رہے ہیں یا نہیں‘آج اگر ہمارے ملک کو اتنی آبادی ہونے کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں تو سوچیں آبادی مزید بڑھی تو اس ملک کا کیا حشر ہوگا۔ 2028ءکے بعد ہماری ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہوگا‘وزیراعظم معیشت کو لیڈ کررہے ہیں‘جلد نتائج دیکھیں گے‘آئندہ کچھ مہینوں میں وزیر اعظم عوام کیلئے مزید ریلیف کا اعلان کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لاہور چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیرخزانہ کا کہناتھاکہ ہر وقت کہا جاتا ہے کہ صحت اور تعلیم پر کیا خرچ کیا جارہا ہے‘بجٹ کہیں اور جارہا ہے یہی اس کا جواب ہے‘سرکاری کاروباری ادارے 800 ارب سے ایک کھرب روپے کا مجموعی نقصان کرتے ہیں‘جب یہاں سے پیسہ بچنا شروع ہوگا تو صحت اور تعلیم پر مزید خرچ کیا جائے گا۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ آپ لوگ بھی تھوڑا سا حوصلہ کرلیں، ایک صاحب میرے پاس کچھ ماہ قبل آئے اور کہا کہ ری فنڈ مل گیا ہے لیکن ایک پرسنٹیج مانگی گئی تھی، افسر نے کہا کہ ان جیسے وزیر تو کئی آئے اور کئی چلے گئے‘ ان صاحب کا کہنا تھا کہ ہمیں انہی افسران سے ڈیل کرنا ہے‘ اسی لیے وہ پرسنٹیج دے دی‘میں آپ سے گزارش کروں گا خدارا ایسا نہ کیجئے‘ آپ بھی حوصلہ کریں، اللہ خیر کرے گا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ہماری آبادی تیزرفتاری سے بڑھ رہی ہے‘ماحولیاتی مسائل کی وجہ سے لاہور میں رہنا مشکل ہوگیا ہے تو یہ سب ہم پر اور آپ پر منحصر ہے‘وزیرخزانہ کا کہنا تھاکہ ٹیکس کا بوجھ تنخواہ دار طبقے پر زیادہ ہے، تنخواہ اکاؤنٹ میں آتے ہی ٹیکس کٹ جاتا ہے‘انہیں ریلیف دیں گے‘انہوں نے مزیدکہاکہ امریکا کی جانب سے ٹیرف عائد کئے جانے کے معاملے پر 90دن کا ریلیف مل گیا ہے لیکن 10فیصد ڈیوٹی کا نفاذ ہو چکا ہے ‘ اس حوالے سے امریکی حکومت سے مذاکرات کے لئے پاکستان سے وفد جائے گا جس سے نجی شعبے کے نمائندے بھی شامل ہوں گے‘وزیر اعظم محمد شہباز شریف معاشی استحکام کیلئے دن رات متحرک ہیں‘منرلز انویسٹمنٹ فورم معاشی سمت کے درست ہونے کا ثبوت ہے‘ تاجروں کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،انڈسٹری کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا‘معاشی استحکام کیلئے ہر پاکستانی کواپنا کردا ر ادا کرنا ہو گا‘ایف بی آر میں فارم کو پچیس چیزوں پر لے کر جارہے ہیں، شہری سادہ فارم سے وہ بھر دے تو ٹیکس فائل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگر اپنے ملک کے انویسٹر کے پیسے وقت پر واپس نہیں کرسکتے تو آگے کیسے جاسکتے ہیں‘انڈونیشیا کی پچھلے سال نکل کی ایکسپورٹ بائیس بلین ڈالر تھی‘دو ہزار اٹھائیس کے بعد ہماری ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہوگا۔و زیر اعظم کی ہدایات کے مطابق ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو جی ایس پی پلس پر کام کرر ہی ہے،اس سلسلے میں پندرہ وزارتوں میں کام جاری ہے‘‘معیشت میں استحکام اسی وقت ہوسکتا ہے جب ہم ٹیکس نیٹ کو بڑھا ئیں گے‘اس وقت دس فیصد لوگ ٹیکس دے رہے ہیں جسے 13فیصدپر لے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی یورپین روٹ کی پروازیں بحال ہو گئی ہیں ،امید ہے کہ آنے والے دنوں میں یوکے کے روٹس بھی کھل جائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید