کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے نےلاہور سے باکو کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 20 اپریل سے لاہور سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے براہِ راست پروازیں جائینگی۔ ابتدائی طور پر ہفتہ وار دو پروازوں سے آغاز کیا جائے گا جو ہر اتوار اور بدھ کو لاہور سے روانہ ہوں گی۔اس نئے روٹ کے آغاز کے حوالے سے پی آئی اے کی جانب سے کراچی میں ٹریول ایجنٹس اور ٹور آپریٹرز کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد باکو پروازوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا اور مارکیٹ میں ان نئی پروازوں کو فروغ دینا تھا۔تقریب کے دوران ٹریول ایجنٹس کو باکو کے روٹ کی اہمیت، پروازوں کے شیڈول اور سہولیات سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔