اسلام آباد (فاروق اقدس)ایران میں 8پاکستانی مزدوروں کا قتل، میتیوں کی واپسی میں8سے10دن لگ سکتے ہیں، ذرائع کے مطابق قانونی تقاضے پورے کئے جارہے ہیں، ایرانی سفارتی ذرائع ، بہاولپور کے علاقوں میں فضا سوگوار ۔ بہاولپور کے جن علاقوں سے مقتولین کا تعلق تھا وہاں پوری فضاسوگوار ہے ورثاء کے گھروں میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے اور گھروں میں آہوبکا کا عالم ہے، مقتولین کے لواحقین شدید غم میں مبتلا ہیں جبکہ تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے، مقتولین کا تعلق بہاولپور کے علاقوں خانقاہ شریف، احمد پور شرقیہ اور رنگ پور سے تھا، احمدپورشرقیہ میں ایک شہید کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’ڈیڑھ سال بعد میرا بیٹا واپس آرہا تھا، مگر ظالموں نے میرے غریب بیٹے کو مار ڈالا، اُس کے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں، کم وبیش ایسے ہی غمزدہ واقعات تمام مقتولین کے گھروں میں ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق اس المناک واقعہ پر ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور جیسے ہی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی اس حوالے سے تفصیلی بیان جاری کیا جائے گا۔