راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے)سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد نےکہا ہے کہ ڈریمز پراجیکٹ کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے کام کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ واٹر سپلائی ڈریمز منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈریمز پراجیکٹ واٹر سپلائی سے شہری اور مضافاتی علاقوں میں پینے کے پانی کی کمی پوری ہوگی،منصوبے کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے 35 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں، اس پراجیکٹ کے تحت راول ڈیم، خان پور ڈیم اور چہان ڈیم سے مجموعی طور اڑھائی کروڑ گیلن اضافی پانی دستیاب ہوگا۔ کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے کہا کہ واٹر سپلائی ڈریمز پراجیکٹ شہر کیلئے اہمیت کا حامل ہے ،دریں اثناءسیکرٹری بلدیات پنجاب شکیل احمد میاں کی زیر صدارت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے بھی اجلاس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ فوٹو سیشن کی بجائے زمینی حقائق پر مبنی کام کیا جائے، تمام کمپنیاں شہریوں سے براہ راست رابطہ کریں، ان کی شکایات خود سنیں اور ازالے کے بعد ان سے فیڈ بیک لینا لازمی بنائیں ۔