کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حصول کے لیے پرائمری ہیلتھ کیئر کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں آغا خان یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ "نیشنل سمپوزیم برائے پرائمری ہیلتھ کیئر: پاکستان میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کی بنیاد" سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آغا خان یونیورسٹی کی اس اہم اور بروقت کاوش کو سراہا، جو عالمی صحت کے ترجیحات اور سندھ حکومت کے صحت مند معاشرے کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صحت ہمیشہ سندھ حکومت کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کا مرکزی نکتہ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کووڈ-19 کی وبا نے ایک مضبوط اور پائیدار نظامِ صحت کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا، جس کی بنیاد بنیادی صحت کی سہولیات پر ہونی چاہیے۔