کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ نے میمن میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں نئے وارڈز کا افتتاح کردیا،اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میمن میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (ایم ایم آئی) اسپتال میں ابنِ سینا وارڈ، ابن الہیثم وارڈ اور الشفا آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈی) کا افتتاح کیا اور اس توسیع کو صوبے میں معیاری صحت کی سہولیات کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئی سہولیات مریضوں کو زیادہ آرام، وقار اور سہولت کے ساتھ علاج کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی جو عوامی فلاح و بہبود کے مضبوط عزم کی عکاسی ہے۔ حکومت سندھ صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، خصوصی طبی خدمات کے فروغ اور معاشرے کے تمام طبقات کے لیے طبی سہولیات تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لئےپرعزم ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی جدید طبی علاج کی سہولیات کے حوالے سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔ ایسے شعبوں میں جہاں حکومت براہِ راست خدمات فراہم نہیں کر سکتی وہاں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اہم کردار ادا کرتی ہے۔ صحت کے شعبے میں حکومت سندھ انسانی وقار کے اصول پر عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ حکومت سندھ نئے افتتاح شدہ وارڈز کے لئے مشینری اور آلات کی فراہمی میں مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایم آئی اسپتال سماعت سے محروم پیدا ہونے والے بچوں کو مفت علاج فراہم کرے گا جسے انہوں نے ایک اہم فلاحی اقدام قرار دیا۔