کراچی (رفیق مانگٹ) آن لائن دنیا میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسپین نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز کے مطابق یہ فیصلہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بڑھتے جرائم، بدسلوکی اور نقصان دہ مواد کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق سانچیز نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک ڈیجیٹل وائلڈ ویسٹ بن چکا ہے جہاں بچے لت، تشدد، فحاشی اور ہیرا پھیری جیسے خطرات سے دوچار ہیں۔ مجوزہ قانون کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مؤثر عمر کی تصدیق کے نظام نافذ کرنا ہوں گے، محض خود اعلانی کافی نہیں ہوگی۔ اسپین، فرانس اور دیگر یورپی ممالک کے ساتھ مل کر سوشل میڈیا کے ضابطے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی بھی اپنائے گا، غیرقانونی مواد کو بڑھاوا دینے کے لیے الگورتھمز میں ردوبدل کو قابلِ سزا جرم بنانے اور کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں کو قانون شکنی پر ذمہ دار ٹھہرانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔