• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک چین دوستی کے 75 سال، ڈی جی CSA کیلئے فرینڈ شپ ایوارڈ

لاہور(آصف محمود بٹ) پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس موقع پر چین کے قونصل جنرل لاہور نے سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) لاہور کے ڈائریکٹر جنرل فرحان عزیز خواجہ کو فرینڈز آف چائینہ ایوارڈ 2025 سے نوازا۔ چین کے قونصل جنرل مسٹر کاؤ کے نے کہا کہ سول سروس کے ابتدائی مرحلے میں تعاون سے دونوں ممالک کے سرکاری نظام ایک دوسرے سے سیکھ سکتے ہیں۔ڈی جی سی ایس اےفرحان عزیز خواجہ نے کہا کہ فرینڈشپ ایوارڈ 2025پاکستان اور چین کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانےمیں معاون ثابت ہوگا۔ایوارڈ لاہور میں چینی قونصل خانے میں منعقدہ ایک خصوصی اور پروقار تقریب میں دیا گیا، جسے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور ادارہ جاتی سطح پر بڑھتے ہوئے تعاون کی واضح علامت قرار دیا گیا۔ ایوارڈ چین کے قونصل جنرل مسٹر کاؤ کے نے پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی آزمائشوں میں مزید مضبوط ہوئی ہے اور اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس تعلق کو ادارہ جاتی تعاون، بالخصوص سول سروس کی تربیت اور گورننس کے شعبے میں، مزید وسعت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سول سروس کے ابتدائی مرحلے میں تعاون اور علمی تبادلہ مستقبل کی قیادت کی فکری تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس سے دونوں ممالک کے سرکاری نظام ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ سکتے ہیں۔ تقریب کے بعد ہونے والی تفصیلی ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان سول سروس تربیت، عوامی انتظامیہ اور گورننس کے شعبوں میں تعاون کو عملی اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سی ایس اے کے کامن ٹریننگ پروگرام، اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرامز اور ڈی ایم سی ایم سی کے پروبیشنری افسران کے لیے چینی ثقافت، معاشرت، نظامِ حکمرانی اور ترقیاتی تجربات سے متعلق آن لائن اور ہائبرڈ لیکچر سیریز کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ ان لیکچرز کا مقصد نوجوان سول افسران کو عالمی تناظر میں سوچنے، تقابلی گورننس کو سمجھنے اور بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرنے کے قابل بنانا ہے۔ ملاقات میں فیکلٹی اور پروبیشنری افسران کے تبادلہ پروگرامز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس سلسلے میں چین کے معروف سول سروس تربیتی اداروں، بشمول پارٹی اسکول، کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کی تجویز پیش کی گئی۔
اہم خبریں سے مزید