کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر )یہ موسم یہ مست نظارے پیار کرو تو ان سے کرو۔ ۔پاکستان آئیڈل میں آواز کا جادو جگانے گلوکار بشیر احمد کی بیٹی ،بیٹےکی ڈھاکہ سے کراچی آمد، حمیرا بشیر اور راجہ بشیر نےسدا بہار فلمی گیت اپنی آواز میں پیش کرکے سب کے دل جیت لئے ، بنگلہ دیش اور پاکستان کے تعلقات کی بحالی پر بے انتہا خوش ہیں،حمیرا بشیر کی جنگ سے گفتگو ۔ تفصیلات کے مطابق یہ موسم یہ مست نظارے پیار کرو تو ان سے کرو،کرتے ہیں یہ ہم کو اشارے پیار کرو تو ان سے کرو،میرا دل نہ جانے کب سے تیرا پیار ڈھونڈتا ہے،ان سپر ہٹ فلمی گیتوں کے گائیک بشیر احمد کی بیٹی اوربیٹاپاکستان آئیڈل میں آواز کا جادو جگانے کے لئے پاکستان پہنچ گئے۔ڈھاکہ سے کراچی پہنچے والی سریلی گائیکہ حمیرا بشیر اور راجہ بشیر نے پاکستان آئیڈل میں لاجواب انٹری دی۔دونوں بہن بھائیوں نے اپنے والد گلوکار بشیر احمد کے سپر ہٹ گیتوں کا انتخاب اپنی آواز میں پیش کیا تو پاکستان آئیڈل کے ججز عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان، فواد خان، بلال مقصود، مہمان جج عالمگیر نے ڈھاکہ سے آئے ہوئے مہمانوں کی شاندار انداز میں پذیرائی کی۔ اس موقع پر جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سریلی گلوکارہ حمیرا بشیر کا کہنا تھا کہ کئی برسوں سے پاکستان آنے کو دل چاہتا تھا، پاکستان آئیڈل کی ٹیم اور ٹیلنٹ ڈائریکٹر تنویر آفریدی نے ہمیں تلاش کیا اور ہم کراچی پہنچ گئے۔پاکستان آئیڈل میں نئی آوازوں کو سنا تو دل باغ باغ ہوگیا۔ہم کئی برس پہلے 1985 میں اپنے والد کے ساتھ پاکستان آئے تھے، ملکہ ترنم نورجہاں نے ہماری میزبانی کی تھی، میڈم نورجہاں کے ہم سب دیوانے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں حمیرا بشیر کا کہنا تھا کہ ہم بے حد خوش ہیں کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے تعلقات بحال ہوگئے ہیں، اگر موقع ملا تو ہم پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے لئے اپنی خدمات پیش کریں گے۔