کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے مختلف کارروائیوں میں 11ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے لاہور زون نے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم کی شناخت محمد نواز کے نام سے ہوئی ہے ۔ملزم کو ٹوبہ ٹیک سنگھ سے گرفتار کیا گیا۔ملزم نے شہری کو اٹلی ملازمت ویزہ کا جھانسہ دے کر 15لاکھ روپے بٹورے۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے ملتان زون نے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 4 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں احمد رضا، فیصل رضا، عمر فاروق اور بشیر احمد شامل ہیں۔ملزمان کو ملتان، قصور اور وہاڑی سے گرفتار کیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزم محمد عمر فاروق نے شہری کو سعودی عرب ملازمت ویزہ کا جھانسہ دے کر 22 لاکھ روپے بٹورے، ملزم بشیر احمد نے شہری کو سعودی عرب ملازمت ویزہ کاجھانسہ دے کر 7 لاکھ 75 ہزار روپے لیے جبکہ ملزم احمد رضا اور فیصل رضا نے شہری کو ملائشیاء ملازمت کا جھانسہ دے کر 3 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث لیسکو اہلکار کو گرفتار کر لیا۔ملزم گل باز لیسکو سب ڈویژن آفس بلال کالونی میں بطور لائن مین تعینات تھا۔ملزم کو شکایت کنندہ سے 20 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ڈیرہ غازی خان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم میں غیر قانونی کٹوتیاں میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔گرفتار ملزمان میں شہزاد اسلم، صابر حسین، محمد کامران ، حسنین گل اور تنصیر عباس شامل ہیں۔ملزمان کو لیہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔گرفتار ملزمان مستحق خواتین کو دی جانے والی مالی امداد میں سے فی کس 1000 سے 1500 روپے غیر قانونی کمیشن کے طور پر کاٹ رہے تھے۔ملزمان کو کمیشن وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ملزمان سے متعدد شناختی کارڈز، رجسٹرز، موبائل فونز، بینک کنیکٹ ڈیوائسز اور دیگر متعلقہ مواد برآمد کیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔