لاہور، پشاور (نمائندہ خصوصی ، نمائندگان جنگ) امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ،پاکستان کے حکمران ٹرمپ کی خوشنودی چھوڑ کر کشمیر کا سوچیں۔ جماعت اسلامی اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، قوم کو حکمرانوں کے یکطرفہ فیصلے قبول نہیں، مسئلہ کشمیر پر حق خود ارادیت کے علاوہ کسی قسم کی ثالثی قبول نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مال روڑ پر یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں خواتین ، بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔اسلام آباد، پشاور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی ریلیاں، عبدالواسع، عبدالرزاق عباسی ودیگر رہنمائوں نے قیادت کی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن کی کال پر یوم اظہار یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں جماعت اسلامی ضلع پشاور کے تحت ہشتنگری چوک سے مین جی ٹی روڈ کے راستے اشرف روڈتک کشمیر مارچ کا اہتمام کیا گیاجس میں خواتین اور بچوں سمیت اہلیان پشاور نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔پولیس اسٹیشن ہشتنگری کے سامنے کشمیر مارچ کے شرکاء سے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع،ضلعی امیر بحراللہ خان ایڈوکیٹ،سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان،کاشف اعظم خلیل، جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سابق اراکین قومی وصوبائی اسمبلی بلقیس حسین،عنایت بیگم،امیر شہر حافظ حمید اللہ ایڈوکیٹ،پاکستان بزنس فورم کے صدر خالدگل مہمند،سرحدچیمبرآف کامرس کے رہنماء خالد منصور اور جماعت اسلامی یوتھ پشاور کے صدر اسامہ امیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اس وقت عملا دنیا کی سب سے بڑی جیل کا منظر پیش کررہا ہے جہاں پر خود کو دنیا کی بہترین جمہوریت قرار دینے والے بھارتی حکومت کی نو لاکھ عاصب افواج نے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پرگزشتہ 78سالوں سے عرصہ حیات تنگ کررکھا ہےبھارتی فوج نے بندوق کی زور پر کشمیری عوام سے ان کا پیدائشی اور آئینی حق آزادی چھین رکھا ہے۔ہزارہ بھر میں بھی کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بھرپور ریلیوں اور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں ہزارہ کا مرکزی پروگرام ایبٹ آباد میں منعقد ہوا، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی نے کی، جبکہ اس موقع پر امیر ضلع ایبٹ آباد عبیدالرحمٰن عباسی سمیت جماعت اسلامی کے ضلعی و مقامی قائدین، کارکنان، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور مالی حمایت کو اپنا دینی، ملی اور انسانی فریضہ سمجھتی ہے اور یہ حمایت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت نہیں مل جاتا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ظالمانہ اور غاصبانہ قبضہ بدترین انسانی حقوق کی پامالیوں کو جنم دے رہا ہے، جہاں نہتے کشمیریوں پر مظالم، گرفتاریوں، ماورائے عدالت قتل اور آزادیٔ اظہار پر پابندیاں روز کا معمول بن چکی ہیں۔دیگر اضلاع میں بھی بھرپور ریلیاں:ہری پور میں نکالی گئی ریلی سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی ہزارہ جاوید اختر اور امیر ضلع جماعت اسلامی ہری پور طاہر عتیق صدیقی نے خطاب کیا۔