کراچی(نیوز ڈیسک)غزہ جنگ کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے طلبہ کے مظاہروں کے خلاف صدرڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے مطالبات ماننے سے انکار کے بعد امریکا کی صف اوّل کی ہارورڈ یونیورسٹی کی وفاقی امداد منجمد کر دی گئی۔جس پرسابق امریکی صدر بارک اوباما امریکا کی صفِ اوّل کی یونیورسٹی کی حمایت میں سامنے آئے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پرسابق امریکی صدر نے ہارورڈ یونیورسٹی کی حمایت میں پیغام جاری کیا اور ٹرمپ انتظامیہ کے مطالبات کے خلاف آواز بلند کرنےپر سراہا ۔انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ تعلیمی اداروں کی آزادی کو سلب کرنے کی غیر قانونی کوشش کو مسترد کر کے ہارورڈ نے دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہارورڈ نے ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ تمام طلبہ فکری تفتیش، سخت بحث اور باہمی احترام کے ماحول سے فائدہ اٹھا سکیں۔