کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن ( آئی ایف سی) کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت آئی ایف سی کی گلوبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس، نجکاری اور کارپوریٹ فنانس ایڈوائزری کی ڈائریکٹر مس لنڈا رودو مونیینگیٹیریوا کر رہی تھیں۔ ملاقات میں( آئی ایف سی) نے کراچی میں 18.3 کلومیٹر طویل نیا بی آر ٹی نظام تعمیر کرنے کی تجویز پیش کر دی، آئی ایف سی کی مس لنڈا نے ایک جامع ماس ٹرانزٹ کے لئے ، شہری ریل سسٹمز، فیری سروسز اور رائیڈ ہیلنگ پلیٹ فارمزکی تجویز دے دی۔ملاقات میں شہری نقل و حمل، پانی اور نکاسی آب کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی اور دونوں فریقین نے کراچی سمیت دیگر علاقوں میں خدمات کی فراہمی اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے مستقبل میں پی پی پی (پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ) منصوبوں میں قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔ملاقات میں آئی ایف سی وفد کےذیشان شیخ،ایان ٹوئن،ٹونچی بکووچ ودیگر شامل تھے جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب،پرنسپل سیکرٹری آغا واصف و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے وفد کو صوبے کے مضبوط پی پی پی قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک پر بریفنگ دی اور سڑکوں کے نیٹ ورک، توانائی، صحت، تعلیم اور ٹرانسپورٹ جیسے شعبوں میں پیش رفت کو اجاگر کیا۔