لاہور (رپورٹ:عیشہ آصف)ماہرین نے کہا ہے کہ صحت مند اور پرسکون زندگی کیلئے یوگا ضروری ہے جو جسم، دماغ اور روح کو متوازن کرتا ہے، یوگا ایک جسمانی، ذہنی اور روحانی مشق ہے، یوگا دل کی صحت کو بہتر بنانے، بلڈ پریشر کو کم کرنے میں بھی مدد گار ہے۔ان خیالات کا اظہار میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور یوگا کروز اینڈ فٹنس کے زیراہتمام خصوصی ہیلتھ سیمینار بعنوان ’’یوگا ۔۔۔۔۔ انسانی زندگی‘‘ میں کیا گیا، جس کی صدارت وزیر صحت پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نےکی۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی گیسٹ آف آنرپروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز اور چیف آرگنائزر PESSملک عزیز احمد اعوان تھے۔خصوصی لیکچرفاؤنڈر کروز یوگا اینڈ فٹنس حمیرا خان نے دیا۔ڈین اسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ سپیکرز میں پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل،سپورٹس ڈائریکٹر یونیورسٹی آف پنجاب ڈاکٹر شبیر سرور ،ماس کام ڈیپارٹمنٹ لاہور کالج فار وومن یونیورسٹیپروفیسر ڈاکٹر عرشہ میر ،پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم،پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج شامل تھے۔ حرف تشکرپروفیسر ڈاکٹر محمد معین نے ادا کیا اورمیزبانی کے فرائض چیئرمین میر خلیل الرحمنٰ میموریل سوسائٹی واصف ناگی نےسر انجام دیے۔وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ہمیں اپنی ذات کے لئے خود وقت نکالنے کی ضرورت ہے اگر ہم صحت مند نہیں ہوں گے تو کسی بھی صورت اپنی زندگی کے مقاصد حاصل نہیں کر سکیں گے ۔