• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ، بولرز نے کنگز کو فتح دلا دی، گلیڈی ایٹرز مکمل ناکام

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) پی ایس ایل میں جمعے کو کراچی کنگز نے بولرزکی تباہ کن کارکردگی کی بدولت یک طرفہ مقابلے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 56 رنز سے شکست دے دی، کوئٹہ کے بیٹرز نے مایوس کن کار کردگی سے اپنے بولرز کی محنت پر پانی پھر دیا، ابتدائی سات بیٹسمین صرف 57رنز پر وکٹ چھوڑ گئے، 8 بیٹرز ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکے۔ کراچی کنگز نے 7 وکٹوں پر 175 رنز بنائے۔ ناکام ٹیم نو وکٹ پر119رنز بناسکی ۔ کپتان سعود شکیل33 اور علی ماجد نو رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ کراچی کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے 27 اور ٹم سائفرٹ نے 31 رنز کی اننگز کھیلی، جیمز ونس 70 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انہوں نے 47گیندوں کا سامنا کیا، چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ محمد ریاض اللہ 6، خوشدل شاہ ایک، عرفان خان 17 اوور محمد نبی نے 18 رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے علی ماجد اور محمد عامر نے 29اور 42 رنز دے کر دو، دو، ابرار احمد، اور سعود شکیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 119رنز بناسکی۔فن ایلن6، حسن نواز ایک ،کوشل مینڈس 12، خواجہ نافع ایک اور رائلی روسو ایک اور فہیم اشرف 3رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر سعود شکیل نے 40گیندوں پر 33 ، محمد عامر نویں نمبر پر کھیلتے ہوئے 16گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے جارحانہ30رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے 27رنز دے کر تین، محمد نبی نے7 اور عباس آفریدی نے9 رنز دے کر دو دو جبکہ میر حمزہ اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کراچی کی ٹیم دوسرےفتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔ اپنے تینوں میچز میں ناقابل شکست رہنےو الی دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ چھ پوائنٹس کےساتھ پہلے، لاہور قلندرز تین میچز میں دو فتوحات کے دوسرے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دو پوائنٹس لے کر چوتھے نمبر ہے۔ملتان اور زلمی نے کھاتہ نہیں کھولا ہے۔

اسپورٹس سے مزید