راولپنڈی ( نیوز رپورٹر)جماعت اسلامی راولپنڈی نے اتوار کو اسلام آ باد میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی مذمت کیلئے ہونے والے ملین مارچ میں بھر پور شرکت کا اعلان کیا ہے ۔راولپنڈی سے ریلی مسجد گلشن دادن خان سے بعد نماز ظہر دو بجے اسلام آ باد کیلئے روانہ ہوگی۔ ملین مارچ تین بجے آ بپارہ سے ایمبیسی روڈ کی جانب روانہ ہوگا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الر حمن کریں گے۔یہ اعلان امیر جما عت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم اور امیر ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نائب امیر سید عزیر حامد، عثمان آکاش ، مرزا خالد محمود اور ملک اعظم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کی سر پرستی کر رہا ہے۔ مسلم ممالک امریکہ کی غلامی چھوڑدیں۔ انہوں نے کہا کہ ملین مارچ میں راولپنڈی کے عوام بھر پور شرکت کریں گے ۔ 26اپریل کو ملک بھر میں ہڑتال کی جا ئے گی۔