اسلام آباد( رپورٹ حنیف خالد ) حکومتِ پنجاب نے گندم یا گندم مصنوعات کی نقل و حمل پر پابندیوں سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے پنجاب کے ڈائریکٹر فوڈ/ کین کمشنر امجد حفیظ نے جنگ کو بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے بین الصوبائی اور بین الاضلاعی سطح پر گندم کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے، صوبے کے اندر اضلاع کے درمیان ترسیل بلا رکاوٹ جاری ہے، جس سے فاضل علاقوں سے قلت والے علاقوں تک سپلائی اور مارکیٹ استحکام برقرار ہے۔حکومت نے مزید کہا کہ جہاں پرمٹ کا نظام موجود ہے وہ صرف سہولت اور نگرانی کے لیے ہے تاکہ درست ڈیٹا، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی ممکن ہو، اس کا مقصد تجارت کو محدود کرنا نہیں۔ حکومت پنجاب نے غیر رکاوٹی تجارت، قومی غذائی تحفظ اور قیمتوں کے استحکام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے میڈیا پر زور دیا ہے کہ حقائق کی تصدیق کے بعد ہی خبریں شائع کی جائیں تاکہ عوام میں غیر ضروری تشویش پیدا نہ ہو۔