اسلام آباد( رانا غلام قادر) میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے ِ اسلام آباد شہر کے مختلف کاروباری مراکز میں عوامی مقامات پر آویزاں کیے گئے غیر قانونی اشتہارات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی ہے۔ ایم سی آئی حکام کا موقف ہے کہ غیر قانونی اشتہارات دارالحکومت کے حسن، نظم و ضبط اور منصوبہ بند ساخت کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں،اس ضمن میں ایم سی آئی کے زیرِ انتظام ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (ڈی ایم اے) کی جانب سے شہر بھر کے کاروباری مراکز میں جامع صفائی و انسدادِ غیر قانونی اشتہارات مہم شروع کردی گئی، اس مہم کے دوران عوامی املاک، سرکاری زمین، گرین بیلٹس، بجلی کے ٹرانسفارمرز، جنریٹرز اور دیگر تنصیبات پر لگے تمام غیر قانونی بینرز، پوسٹرز، اسٹیکرز اور اسٹریمرز کو ایم سی آئی کی ٹیمیں ہٹا رہی ہیں،حال ہی میں ایف-6 مرکز، اسلام آباد میں عوامی تنصیبات پر غیر قانونی اشتہارات چسپاں کرنے پر کو ہسار پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ،یہ کارروائی متعلقہ قوانین، بشمول دفعہ 144 ضابطہ فوجداری، کی خلاف ورزی پر عمل میں لائی گئی۔