کراچی ( اسٹاف رپورٹر)میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہناہے کہ وزیر بلدیات سے درخواست کرتا ہوں کہ لائنز ایریاپارکنگ پلازہ کے ایم سی کے حوالے کیا جائے‘ بلدیہ عظمی کراچی کی بہت سی اراضی پر کے ڈی اے قابض ہے‘کے ڈی اے اور کے ایم سی کی لڑائی کا فائدہ قبضہ مافیا اٹھارہی ہے‘ جلد وزیراعظم کو کراچی کے ترقیاتی پیکیج کے لیے خط لکھوں گا‘وہ اتوارکو ایمپریس مارکیٹ میں پارکنگ ایریا کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی بولٹن مارکیٹ میں بھی پارکنگ کا آغاز کردیں گے‘میں پارکنگ پلازہ کو کے ڈی اے سے لینے کے لیے حاضرہوں‘پہلے فیز میں پارکنگ کا مسئلہ حل کیا‘ دوسرے فیز میں گوشت کا کام کرنے والوں کو وہاں شفٹ کریں گے‘پانی کے مسئلے کو حل کرنے لیے یہ درست نہیں کہ کسی کا پانی چھین کر کسی اورکودے دیں‘وزیراعظم کو اس منصوبے کو منسوخ کرنا چاہیے‘ میئر کراچی نے کہا کہ ریلوے کی وہ جگہ جہاں شادیاں ہورہی ہیں وہ اسپیس کے ایم سی کے حوالے کریں تاکہ وہاں پارکنگ بنائی جاسکے ‘مینا بازار کا انڈر پاس بھی 30اگست کو مکمل کریں گے، ڈینسو ہال کو 30 اپریل کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا‘ہوتی مارکیٹ میں بھی تیزی سے کام چل رہا ہے۔