اسلام آباد(نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا کہ زرداری سندھ کا پانی بیچ کر آنسو بہا رہے ہیں جبکہ اچکزئی ، ناصر عباس ،سلمان اکرم،مصطفیٰ نواز ،حامد رضا ودیگر نے استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بچانے کیلئے آئین پر عملدرآمد ضروری ہے عمر ایوب نے مزید کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ اظہار رائے کی آزادی سلب کر لی گئی ہے، میڈیا موجود ہے مگر نشریات پر قدغن ہے۔ جعفر ایکسپریس جیسا سانحہ سیکورٹی کی مکمل ناکامی ہے، کیونکہ ریاستی ادارے سیاسی کارکنوں کے تعاقب میں مصروف ہیں۔ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان اس وقت ممکن ہو گا جب عوام اپنے منتخب نمائندوں، آئین اور اداروں پر مکمل اعتماد کریں گے۔ اگر پاکستان فیڈریشن کو مستحکم رکھنا ہے تو آئین کی بالادستی کو یقینی بنانا ہو گا۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ، محمود خان اچکزئی نے کہا خفیہ ایجنسیوں کو بھی آئین کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا۔ اسپیکر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لائی جائے۔سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نےکہا ملک اس وقت شدید بحرانی کیفیت سے گزر رہا ہے۔سابق وزیر مذہبی امور، ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا کہ یہ قافلہ حسینی ہے، جو ہر حال میں ظلم کے خلاف آواز بلند کرے گا۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ، صاحبزادہ حامد رضا نے کہا پروردگار ان حکمرانوں کو برباد کرے جو غزہ کی بربادی پر خاموش ہیں۔ بلوچستان حکومت کی جانب سے کوئٹہ سے دیگر شہروں کی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا نوٹس خطرناک اشارہ ہے، اس کا جوابدہ کون ہے؟