• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اماراتی نائب وزیراعظم کی اہم ملاقاتیں، پاک امارات مشترکہ بزنس کونسل کے قیام سمیت کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحق ڈار اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اہم ملاقاتیں کیں، جس میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،امارات کے نائب وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے یو اے ای کے عزم کا اعادہ کیا، شہباز شریف نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی روابط میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا، شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے اسحق ڈار سے ملاقات کی جس میں پاکستان اورامارات کے درمیان مشترکہ بزنس کونسل کے قیام سمیت متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، اسحق ڈار نے کہا دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں،بہت سے منصوبوں پر مشترکہ طورپر کام کر رہے ہیں، اماراتی نائب وزیراعظم نے کہا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرینگے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے گزشتہ روزوزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحق ڈار اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ تاریخ، باہمی احترام کے ساتھ ساتھ مضبوط ثقافتی اور اقتصادی روابط پر مبنی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر وابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی پاکستان کیلئے مسلسل حمایت کو سراہا۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بہترین سیاسی تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری تک بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے یو اے ای کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اسحق ڈار سے یو اے ای کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان ملاقات کی اور پاکستان اور امارات کے درمیان مشترکہ بزنس کونسل کے قیام سمیت متعددمفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ نائب وزیراعظم اسحق ڈار اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ یو اے ای نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر یادداشتوں پر دستخط کئے گئے، دونوں ممالک کے نائب وزرائے اعظم کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی ہوا۔

اہم خبریں سے مزید