• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلشن حدید، ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے شوروم مالک جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ضلع ملیر میں امن امان کی صورت حال آئے روز خراب ہوتی جارہی ہے، گلشن حدید میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شوروم مالک جاں بحق ہوگیا،پولیس امن و امان کی صورت حال پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف اسٹیل ٹائون شپ کے مکینوں کی جانب سے نیشنل ہائی وے بلاک کرکے احتجاج کیا گیاتھا،تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹائون تھانہ کی حدود گلشن حدید باب رحمت کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 27سالہ عالم خان ولد شیر خان زخمی ہوگیا،واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا،مقتول کے اہل خانہ کا کہنا ہےکہ عالم خان گاڑیوں کی خرید و فروخت کا کام کرتا تھا،پیر کےدن مقتول اپنی گاڑی میں بینک سے رقم لے کر آرہا تھا،راستے میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے گاڑی کو روک کر لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کردی ، ملزمان مقتول سے 8 لاکھ 90 ہزار روپے اور اسکا اسلحہ بھی چھین کر فرار ہوگئے ، لوٹ مار اور نوجوان کے قتل کے خلاف مقتول کے ورثاء نے نیشنل ہائی وے بلاک کر کے احتجاج کیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ، مقتول کے ورثاء کا کہنا ہےکہ عالم خان نے گلشن حدید کے رہائشی شخص سے گاڑی خریدیں تھیں اور اسے رقم دینے جارہے تھے، مقتول دو بچوں کا باپ ، روزگار کے سلسلے میں کراچی آیا تھا، مقتول کی فیملی وزیرستان میں ہے اس نے گھگر پھاٹک پر واقع شوروم میں ہی رہائش اختیار کر رکھی تھی،ایس ایچ او تھانہ اسٹیل ٹائون الن خان نے بتایا ہےکہ ایک موٹڑ سائیکل پر 3 ملزمان سوار تھے جنہوں نے لوٹ مار کی اور ایک مزاحمت پر ایک گولی فائر کی جو مقتول کے سینے پر لگی جس سے اسکی موت واقع ہوئی ،پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید