کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کی زمین پر مبینہ قبضے کی درخواست پر بورڈ آف ریونیو کو تنبیہ کرتے ہوئے سماعت 6 ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔ ہائی کورٹ میں پیپلز پارٹی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کی زمین پر مبینہ قبضے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ وکیل کراچی یونیورسٹی اور ریونیو ڈپارٹمنٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ جامعہ کراچی نے اپنا جواب عدالت میں داخل کردیا اور درخواست گزار کو بھی نقل فراہم کردیں۔ جامعہ کراچی کے وکیل نے کہا کہ درخواست قابل سماعت نہیں مسترد کردی جائے، درخواست گزار کا موقف غلط ہے۔ درخواست گزار کے وکیل لیاقت خان گبول ایڈوکیٹ نے کہا کہ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ایسٹ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو خطوط ارسال کردیئے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے ابھی تک خطوط کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ جیسے ہی متعلقہ ادارے زمین کا مکمل ریکارڈ دیں گے اس کی مکمل تفصیلات عدالت میں جمع کرادیں گے۔ بورڈ آف ریونیو کے وکیل نے جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کرلی۔ عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار کی والدہ کو پلاٹ کب الاٹ ہوا اسکا مکمل ریکارڈ پیش کریں۔