لاہور (سودی) نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا اڑھائی سو سے زائد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ سمیت انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی بڑھ گئی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہی تیزی سے ہوا جس میں اضافہ ہوتا رہا اور ایک موقع پر انڈیکس 1512پوائنٹ تک بڑھ گیا۔ تیزی کے دوران متعدد مرتبہ سیل کا پریشر بھی آیا اور پرافٹ ٹیکنگ بھی مگر جذب ہوتے رہے کاروباری حجم میں بھی اضافہ تھا جبکہ مارکیٹ میں زیادہ سرگرمی اور اضافہ سیمنٹ، بینک ، گیس اور پاور سیکٹر میں تھا۔ مارکیٹ کو زیادہ سپورٹ بینکوں اور مقامی نجی سرمایہ کاروں نے بھاری خریداری کرکے دی اس کے برعکس میوچل فنڈز نے ریڈمشن کے باعث بھاری سیل ا ور پرافٹ ٹیکنگ کی جبکہ انشورنس کمپنیوں، اداروں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بھی نیٹ سیل تھی ۔ مثبت اثر انداز ہونے والے عناصر میں بینکوں کے بہتر مالیاتی نتائج آنا، بجٹ میں صنعتوں کو ریلیف دینے کا حکومتی اعلان، چین کی طرف قرضہ رول اوور کرنا اور آئی ایم ایف کی طرف سے قسط ملنے کا امکان شامل تھے۔ اختتام پر انڈیکس1068 پوائنٹ اضافہ سے 118383 پر آ گیا۔ 252کمپنیوںمیں اضافہ، 158میں کمی، 41میں استحکام رہا۔ 67کروڑ 24لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔