راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )آرپی اوبابر سرفراز الپا نے راولپنڈی ریجن کے پانچوں اضلاع کے ہر تھانہ میں فوری طور پر ویمن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز قائم کرنے کاحکم دے دیا، یہ سینٹرز راولپنڈی ریجن کے تمام تھانہ جات میں قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینٹر زکے قیام کا مقصد متاثرہ خواتین اور بچوں کو مقدمے کے اندراج، قانونی رہنمائی اور خاندانی تنازعات میں مشاورت کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔ان سینٹرز پر خواتین و بچوں کو تھانوں میں محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کیا جائے گا، تھانہ کی سطح پر قائم سینٹرز میں خاتون پولیس افسر کو تعینات کیا جائے گا جو صرف خواتین و بچوں کے متعلق کیس کی تفتیش کریں گی۔