• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت کشیدگی، ریفائنریوں کو ڈیزل اور جیٹ پائلٹ کی پیداوار میں اضافے کی ہدایت

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) دو ایٹمی ریاستوں کے درمیان پہلگام حملے کے باعث بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر وفاقی حکومت نے ملک کی ریفائنریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) اور جیٹ پائلٹ (جے پی 8) کی پیداوار میں اضافہ کریں تاکہ مسلح افواج کسی ممکنہ بھارتی حملے کی صورت میں تیار رہیں۔ سرکاری ملکیت والی پاکستان اسٹیٹ آئل سمیت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی بروقت درآمد کو یقینی بنائیں۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل وہ ایندھن ہے جو فوج اُس وقت استعمال کرتی ہے جب وہ بڑی تعداد میں ٹینکوں اور دیگر ساز و سامان کے ساتھ سرحدی علاقوں میں فوجیوں کی نقل و حرکت کرتی ہے، جبکہ پاکستان ایئر فورس جے پی 8 کو بطور ایندھن استعمال کرتی ہے۔اس وقت پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فورس اور پاکستان نیول فورس ہائی الرٹ پر ہیں۔ ڈی جی آئل کی جانب سے 23 اپریل 2025 کو ایمرجنسی بنیادوں پر پانچوں ریفائنریوں پارکو، اٹک ریفائنری لمیٹڈ، نیشنل ریفائنری لمیٹڈ ، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ اور سِنرجیکو پی کے لمیٹڈ — کی اعلیٰ انتظامیہ، سیکریٹری جنرل او سی اے سی اور چیئرمین او ایم اے پی کو لکھے گئے خط کے مطابق ہدایت دی گئی ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل اور جیٹ پائلٹ کی زیادہ سے زیادہ دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
اہم خبریں سے مزید