کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان چائناانسٹیٹیوٹ مشاہد حسین سید نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے سنجیدہ اور متوازن ردعمل دیا ہے جس سے اسٹرٹیجک کلیئرٹی ظاہر ہوئی۔ اُنکے مطابق بھارت اکھنڈ بھارت کا خواب دیکھ رہا ہے جو گریٹر اسرائیل کے تصور سے مشابہ ہے۔ بین الاقوامی قانون کے ماہر احمر بلال صوفی نے کہا کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدے سے یکطرفہ علیحدگی کا دعویٰ ٹریٹی اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے کیونکہ اپر رائپیرین ملک پانی کو روک نہیں سکتا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے تحت تین عالمی قانونی فورمز پر مسئلہ اٹھانے کی تجویز دی۔ حامد میر نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بھارت کے غیرذمہ دارانہ اقدامات کے پس منظر میں ہوا اور حکومت نے قومی یکجہتی کے لیے سیاسی اختلافات ختم کیے۔ اعلامیے میں بھارت کی پالیسیوں کو دو قومی نظریے کی سچائی قرار دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ مشاہد حسین سید نے کہا کہ میں قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ سے مطمئن ہوں اور انہوں نے بہت اچھا اور پختگی کے ساتھ ردِ عمل دیا ہے۔