کراچی(عبدالماجدبھٹی)پاکستان سپر لیگ ٹین کی کوریج کرنے والے بھارتی براڈ کاسٹرز کریو کا پہلا گروپ ہفتے کو واہگہ کے راستے وطن واپس چلا گیا جبکہ بقیہ اراکین اتوار کو بھارت چلے جائیں گے۔پی سی بی نے دو دن میں متبادل غیر ملکی کریو کو بلالیا ہے اور انہوں نے لاہور میں ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔پاکستان سپر لیگ کے سی ای او سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچ پروگرام کے تحت ہوں گے۔یہ تاثر غلط ہے کہ تمام میچ لاہور شفٹ ہورہے ہیں۔ملتان اور پنڈی میں بھی میچ ہوں گے۔پی سی بی غیر معمولی صورتحال کے لئے بھی تیار ہے۔پلان اے ،بی اور سی بھی تیار ہیں لیکن امید ہے کہ ٹورنامنٹ پروگرام کے مطابق ہوگا۔ذرائع کے مطابق بھارت کے تین درجن سے زائد ٹیلی وژن کریو کے اراکین پی ایس ایل کی کوریج کے لئے لاہور اور ملتان میں موجود تھے۔پی ایس ایل کی کوریج کوالٹی بھی متاثر نہیں ہوگی۔ذرائع کے مطابق پی سی بی اور پنجاب پولیس کا بتانا ہے کہ براڈ کاسٹ کمپنی کے 23 بھارتی شہریوں کو بھارت روانہ کر دیا گیا ہے۔