کراچی(نیوز ڈیسک)نیشنل بینک آف پاکستان نے جرمنی کے شہر برلن میں منعقدہ گلوبل ڈس ایبلیٹی سمٹ میں کام کی جگہ پر معذور افراد کی شمولیت کے فروغ کے اپنے عزم کااعادہ کیا ہے۔ سمٹ کا انعقاد انٹرنیشنل ڈس ایبلیٹی الائنس (آئی ڈی اے ) ،جرمنی اور اردن کی حکومت نے مشترکہ طورپر کیا۔ سمٹ میں معذور افراد کے حقوق اور شمولیت کے لیے ایک مشترکہ راستہ کے تعین کے لیے دنیا بھر کے رہنما اکھٹے ہوئے ہیں۔سمٹ میں این بی پی کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ اور گروپ چیف ہیومن ریسورس مرزا محمد عاصم بیگ نے اہم سیشن میں اظہار خیال کرتے ہوئے پسماندہ طبقات کیلئے مالی خدمات تک رسائی میں بینکنگ شعبہ کے کردار کو اجاگر کیا۔ ڈسیبلیٹی انکلوژن کیلئے این بی پی کے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے محمد عاصم بیگ نے ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک ( اے ڈی بی ) اور گلوبل ڈس ایبلیٹی انوویشن ہب( جی ڈی آئی ہب) کے ساتھ شراکت داری میں جاری اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ بینک ملک بھر میں اپنے نیٹ ورک میں مالی رکاوٹوں کو ختم کرنے اور مساوی مواقع کے فروغ کیلئے بھرپورانداز میں کام کررہا ہے۔