کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے گورنر پنجاب سلیم حیدر کی ملاقات، وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہونے والی اس ملاقات کی میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں سیاسی، سماجی اور قومی امور کے ساتھ ساتھ سندھ طاس معاہدے سے متعلق معاملات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں خاص طور پر حالیہ متنازعہ کینالوں کے مسئلے کے حل پر دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی بصیرت اور مدبرانہ قیادت سے ایک دیرینہ تنازعہ پرامن انداز میں حل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور انکی ٹیم نے عوامی مؤقف کو سنجیدگی سے سنا اور مسئلہ خوش اسلوبی سے سلجھایا، جو قابل تحسین ہے۔