اسلام آباد( نمائندہ جنگ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کے طریقہ کار میں شفافیت کو مرکزی اہمیت دی جائے۔ وزیر اعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روز اپنی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) کی نجکاری پر جائزہ اجلاس کے دوران دی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو نیلامی کے طریقہ کار، درکار مدت اور نیلامی میں شرکت کیلئے شرائط سے آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے پی آئی اے کی نجکاری میں شفافیت کو کلیدی اہمیت دینے کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے پی آئی اے کی نجکاری مجوزہ معینہ مدت میں یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیرِ اعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کیلئے روڈ شوز اور سرمایہ کاروں کو مکمل اعتماد میں لینے کی ہدایت کی ۔وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کے طریقہ کار میں شفافیت کو مرکزی اہمیت دی جائے۔شفافیت یقینی بنانے کے لئے، پی آئی اے سمیت آئندہ تمام سرکاری کمپنیوں کی نجکاری براہ راست ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کی جائے۔