راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے پولیس پر فائرنگ اور سب انسپکٹر کو زخمی کرنے کے مقدمہ میں نامزد ملزم کو مجموعی طور پر 32 سال قید بامشقت اور ساڑھے چار لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔ تھانہ حضرو ضلع اٹک میں پانچ اگست 2022 کو درج کیس کے مطابق محمد ہلال خان نے موٹر وے پر فائرنگ کر کے سب انسپکٹر الطاف علی کو زخمی کردیا تھا ۔گزشتہ روز عدالت نے ملزم کو اقدام قتل اور دہشت گردی کے جرم میں دس دس سال قید بامشقت ساڑھے چار لاکھ روپے جرمانہ، دفعہ 353 کے تحت دو سال قید بامشقت پچاس ہزار روپے جرمانہ اور دفعہ 337 ڈی کے تحت بھی دس سال قید اور دیت کی رقم کا ایک تہائی بطور ارش ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے مضروب سب انسپکٹر الطاف علی کو 2 لاکھ روپے ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا۔