• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلگام، پاکستان نیوٹرل تحقیقات کیلئے تیار، امن ہماری خواہش، کمزوری نہ سمجھا جائے، مہم جوئی کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، وزیراعظم

فوٹو گریب
فوٹو گریب

کاکول (نمائندہ جنگ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے پہلگام واقعہ کی ’’کسی بھی نیوٹرل، شفاف اور قابل اعتماد تحقیقات‘‘میں شرکت کیلئے تیار ہے، امن ہماری خواہش ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم اپنے ملک کے وقار اور سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے، کسی نے مہم جوئی کی تو منہ توڑ جواب دیا جائیگا، پانی ہمارے عوام کیلئے لائف لائن ہے ،پاکستان کے پانی کے بہاؤ کو روکنےکی کسی بھی کوشش کا پوری طاقت سے جواب دیا جائیگا ، بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور سکھوں کیخلاف منظم مہم چلانے کا سلسلہ وسیع ہوگیا، فتنہ الخوارج افغان سر زمین استعمال کررہا ہے، جب تک کشمیری اپنی جدوجہد میں کامیاب نہیں ہو جاتے حمایت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے ہفتہ کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ،چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، عسکری قیادت، سفارتی کور کے ارکان اور کیڈٹس کے والدین نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشرقی سرحد پر ہمارے پڑوسی نے پہلگام کے حالیہ سانحہ میں قابل بھروسہ تحقیقات یا قابل تصدیق شواہد کے بغیر استحصال اور بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگانے کا اپنا رویہ جاری رکھا ہے جو اس کی دائمی الزام تراشی کی ایک اور مثال ہے ،جس کو روکنا ضروری ہے۔۔سندھ طاس معاہدہ کو معطل کرنے کے بھارت کے اعلان کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پانی پاکستان کا ایک اہم قومی مفاد ہے اورہمارے 240 ملین عوام کیلئے لائف لائن بھی ہے ۔

اہم خبریں سے مزید