واشنگٹن (نیوزڈیسک) پاکستان نے چین سے درخواست کی ہے کہ وہ سواپ لائن( کرنسی تبادلے کی سہولت) میں 10ارب یوآن ( 1.4ارب ڈالر) کا اضافہ کرے۔ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے اس درخواست کے ساتھ اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ پانڈا بانڈ آئندہ سال کے خاتمے سے پہلے جاری کر دیاجائےگا۔ پاکستان کے پاس پہلے ہی 30ارب یوآن تک کرنسی کے تبادلے کی لائن موجود ہے۔ اورنگزیب نے برطانوی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے نقطہ نظر سے اسے 40 ارب رینمنبی تک بڑھانا ایسی پیشرفت ہے جو اچھی ہوسکتی ہے۔ہم اس حوالے سے صرف درخواست کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں ے ورلڈ بینک اورا ٓئی ایم ایف کے اجلاس کے موقع پر واشنگٹن میں کیا۔ چین ابھرتی ہوئی معیشتوں کو کرنسی کے تبادلے کو فروغ دے رہا ہے۔ اس طرح کے انتظامات اس نے ارجنٹائن اور سری لنکا کے ساتھ بھی کر رکھے ہیں۔ پاکستان نے اپنے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کے حوالے سے بھی پیشرف تکی ہے جس میں چین کی داخلی بونڈ مارکیٹ میں یہ بانڈ جاری کیے جائیں گے۔ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک اور ایشیائی ڈویلپمنٹ بینک کے سربراہان سے ملاقاتوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ملاقاتیں تعمیری رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہم اپنے قرض دہندگان کی بیس کو متنوع بنانا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے ہم اچھی پیشرفت کر رہے ہیں۔