• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم کا بجٹ اجلاس، نوکری پیشہ افراد کیلئے سفارشات تیار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر سینئر مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل اور سید امین الحق کی سربراہی میں حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا پرِی بجٹ سیشن کیلئے اجلاس ہوا، جس میں ریٹائرڈ بیوروکریٹ اشرف حیات اور سابق پارلیمانی لیڈر سردار احمد نے خصوصی شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ملک کی معاشی و اقتصادی پالیسیوں کو وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر بہتر بنایا جارہا ہے، ایم کیو ایم عام آدمی خصوصا نوکری پیشہ افراد کو ٹیکسوں میں ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروباری طبقے کو اضافی ٹیکسوں سے بچانے کے لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سفارشات پیش کرے گی، سندھ کے حق کے ایک قطرہ پانی پر بھی کسی کے قبضے کو برداشت نہیں کریں گے، ایم کیو ایم سندھو دریا کے پانی کے تحفظ کے لئے سندھ کی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سینئر مرکزی رہنما نسرین جلیل نے کہا کہ ملکی معیشت میں استحکام اور افراط زر کی شرح کم کرنے کے لیے ایم کیو ایم آئندہ بجٹ پالیسی میں اپنا کردار ادا کرے گی، اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک کو درپیش داخلی و خارجی مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے، اس موقع پر حق پرست قومی و صوبائی اراکین بھی موجود تھے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید