کراچی ( اسٹاف رپورٹر)درجہ حرارت میں اضافے کے پیش نظر، سندھ بھر میں بڑے پیمانے پر ہیٹ ویو کیمپ اور ہیٹ اسٹروک مراکز قائم کر دیئے گئے،چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی محکمہ صحت کو ہدایت ،تمام اسپتالوں میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کے مراکز کو فعال بنائیں اور طبی عملے و ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنایا جائے،تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو فوری طور پر ہیٹ ویو ریلیف کیمپ قائم کرنے اور شہریوں کو شدید گرمی کے اثرات سے بچانے کے لیے جامع حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں خطرناک حد تک اضافے — جیسے کہ شہید بے نظیر آباد میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ، جیکب آباد میں 46 ڈگری، حیدرآباد میں 43 ڈگری، کراچی میں 35 ڈگری — اور دیگر اضلاع میں شدید موسم کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد صوبائی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔چیف سیکریٹری سندھ ترجمان کے مطابق، صوبے بھر میں بڑے پیمانے پر ہیٹ ویو کیمپ اور ہیٹ اسٹروک مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ کراچی ڈویژن میں 73 ہیٹ ویو کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔