• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کثیر الجہتی اور دو طرفہ قرض دہندگان کا پاکستان کو پیغام واضح ہے کہ ساختی اصلاحات کی جائیں، محمد اورنگزیب، صحافیوں سے گفتگو

واشنگٹن(نمائندہ جنگ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ کثیرالجہتی اور دوطرفہ قرض دہندگان نے پاکستان کو بالکل واضح پیغام دیا ہے کہ وہ ساختی اصلاحات کے عمل پر قائم رہے اور معیشت میں عروج و زوال (معاشی ترقی و کساد )کے چکروں کو دوبارہ نہ دہرائے۔پاکستانی سفارت خانے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ جب بھی پاکستان کسی حد تک معاشی استحکام حاصل کرتا ہے تو وہ راستے سے ہٹ جاتا ہے۔"ہم نے ترقی کے ماڈل میں ایک طرح کی ʼشوگر رشʼ یعنی مصنوعی خوشحالی کی طرف رخ کیا اور پٹری سے اتر گئے۔ اب ہمارے کثیرالجہتی اور دوطرفہ شراکت دار ہمیں یہی کہہ رہے ہیں کہ اپنے راستے پر ثابت قدم رہیں،"دریں اثنا وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہفتہ کے روز وزیراعظم کی کارکردگی مینجمنٹ سسٹم (پی ایم ایس) کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت ورچوئلی کی۔ اس اجلاس کا مقصد حکومت کے اس ارادے کو آگے بڑھانا تھا کہ ایف بی آر (فیڈرل بورڈ آف ریونیو) کی جانب سے تیار کردہ افسران کی کارکردگی جانچنے کے نظام کو دیگر تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں بھی نافذ کیا جائے۔ یہ ایک ابتدائی اجلاس تھا، اور وزیر خزانہ اپنی واشنگٹن ڈی سی سے واپسی کے بعد مزید اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کو چھ نکاتی مینڈیٹ دیا گیا ہے تاکہ وہ ان نکات پر غور و فکر کرے اور تیس دن کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے۔ اجلاس میں کمیٹی کو دیے گئے نکات و حوالہ جات پر غور کیا گیا۔ کمیٹی کے اراکین نے وفاقی حکومت کے کارکردگی مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے اپنی آراء پیش کیں۔ چیئرمین نے اراکین کی آراء کو سراہا اور فیصلہ کیا کہ آئندہ دنوں میں مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ مقررہ مدت کے اندر وزیراعظم کو سفارشات پیش کی جا سکیں۔

اہم خبریں سے مزید