اسلام آ باد (نیوز رپورٹر)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں دونوں اداروں نے اسلام آباد کو ایک جدید اور فعال کاروباری مرکز میں ڈھالنے کے لیے باہمی روابط اور اشتراک کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعمت اللہ مسعود کی قیادت میں آنے والے وفد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ شہر کی ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور خوشحال کاروباری ماحول کی فراہمی کے لیے آئی سی سی آئی اور سی ڈی اے کے مابین قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ چیئرمین فاؤنڈر گروپ آئی سی سی آئی طارق صادق نے صنعتی علاقوں کو درپیش بنیادی مسائل کی نشان دہی کی اور ان کے فوری حل پر زور دیا۔ سی ڈی اے کے ڈی جی سردار خان زمری نے اداروں کے مابین اعتماد کی فضا بحال کرنے کے لیے باہمی اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ایف پی سی سی آئی اور آئی سی سی آئی کے سابق صدر عبدالرؤف عالم نے کہا کہ شہری مسائل کے حل کے لیے آئی سی سی آئی اور مارکیٹس کی قیادت سے مشاورت ضروری ہے۔ چوہدری مسعود، خالد چوہدری، نعیم اعوان، اسد عزیز، شہزاد عباسی، راجہ ذوالفقار، محمود وڑائچ ، محمد اعجاز عباسی اور دیگر نے صفائی، سڑکوں، اسٹریٹ لائٹس اور سیوریج نظام کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اجلاس ان مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگا۔ڈی جی ای اینڈ ایم وسیم صابر، آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔ سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے وفد میں چیئرمین ریاض خان، فنانس سیکرٹری افتاب حسین، ڈپٹی جنرل سیکرٹری اکرم راجا، آفس سیکرٹری بلال خان، ایڈمن سیکرٹری عبدالرحیم گازر، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری اصغر امام اور پریزیڈنٹ سٹیٹ ڈائریکٹوریٹ عمران کھوکھر بھی شامل تھے۔