اسلام آباد (ساجد چوہدری )قائداعظم یونیورسٹی نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ 2025ء میں نمایاں پوزیشن حاصل کر لی، قائداعظم یونیورسٹی حسبِ روایت پاکستان کی نمبر ایک جامعہ قرار پائی ، ٹائمز ہائر ایجوکیشن 2025ء کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی نے ایشیا میں 137واں مقام حاصل کیا ہے جوکہ کسی اعزاز سے کم نہیں، یونیورسٹی کی طرف سے جاری تفصیل کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی پاکستان کا واحد ایسا تعلیمی ادارہ ہے، جسے تمام بڑی رینکنگ ایجنسیز گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل نمبر ایک تسلیم کرتی آ رہی ہیں، قائداعظم یونیورسٹی کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ2025ء کے مطابق عالمی سطح پر 315 ویں، ایشیا میں86ویں جبکہ سائٹیشن پر فیکلٹی 58 ویں نمبر پر ہے، وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اخترنے اپنے پیغام میں مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی قائداعظم یونیورسٹی کے قابل اور محنتی اساتذہ، عملے، ہونہار طلبہ اور نامور سابق طلبہ کی انتھک محنت کا ثمر ہے، مالی مشکلات اور بجٹ کی رکاوٹوں کے باوجود قائداعظم یونیورسٹی علم، جدت اور تعلیمی امتیاز کی روشن مثال ہے۔