خیرپور(غلام عباس بھنبھرو)جمعیت علمائے اسلام سندھ کے جنرل سیکرٹری راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ پنجاب 55فیصد پانی چوری کررہا ہے سندھ کی عوام کینالز معاملے پر اُٹھ کھڑی ہوئی ہے دریائے سندھ سے کینالز نہیں نکالنے دیں گے، وہ ببرلو بائی پاس پر دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے خلاف احتجاجی دھرنے سے خطاب کر رہے تھے راشد محمودسومرو نے کہا کہ سندھ کی زمینوں تیل ، گیس اور کوئلے کے ذخائر پر قبضہ کر لیا گیا ہے جس پر بڑی تشویش ہے، راشد محمود سومرو نے کہا کہ گذشتہ عام انتخابات میں ہمارے امیدواروں کو جان بوجھ کر ہرایا گیا ہمیں ہرانے والوں کو خطرہ تھا کہ ہم اسمبلیوں میں آگئے تو سندھ کی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے ساتھ محاذ آرائی کریں گے اس لیے ہماری جیت شکست میں تبدیل کی گئی راشد محمود سومرو نے کہا کہ وکلاء نے بڑی ہمت کر کے کینالز کے خلاف ببرلو بائی پاس پر دھرنا دیا ہے ہم وکلا کا ہر سطح پر ساتھ دیں گے ان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ کا پانی سندھ کا پانی ہے سندھ کے پانی پر قبضہ کرنے اور کینالز نکالنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے سندھ کی عوام جاگ رہی ہے ہم جاگتے رہیں گے اپنے پانی پر پہرہ دیں گےاور اپنے پانی کے حق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے راشد محمود سومرو نے کہاکہ وہ احتجاج کو مزید تیز کرنے کے سلسلے میں آنے والے ایک دو دن میں اپنی جماعت کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔