کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ڈیڈ لائن کے مطابق جو بھی پاکستانی بھارت چھوڑنے میں ناکام رہے گا، اسے گرفتار کیا جائے گا، اس پر مقدمہ چلایا جائے گا اور اسے تین سال تک قید یا زیادہ سے زیادہ 9لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔ پاکستانی شہریوں کے لیے ʼبھارت چھوڑوʼ کا نوٹس مودی حکومت نے 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد کیا تھا۔ سارک ویزا رکھنے والوں کے لیے بھارت چھوڑنے کی آخری تاریخ26اپریل تھی۔ طبی ویزا رکھنے والوں کے لیے آخری تاریخ 29اپریل ہے۔ ویزا کی 12اقسام جن کے حاملین کو اتوار تک بھارت چھوڑنا ہے وہ یہ ہیں:ویزا آن ارائیول، بزنس، فلم، صحافی، ٹرانزٹ، کانفرنس، کوہ پیمائی، طالب علم، وزیٹر، گروپ ٹورسٹ، یاتری اور گروپ یاتری۔امیگریشن اینڈ فارنرز ایکٹ 2025کے مطابق، جو 4اپریل کو نافذ ہوا، زیادہ قیام کرنے، ویزا کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے یا ممنوعہ علاقوں میں تجاوز کرنے پر تین سال تک قید اور 9لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔