• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں بین الاقوامی صحت تحقیق کانفرنس کا آغاز ہوگیا

پشاور(جنگ نیوز) رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام تیسری بین الاقوامی کانفرنس برائے صحت تحقیق (ICHR-25) کا آغاز ہو گیا جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے دو ہزار سے زائد قومی و بین الاقوامی ماہرین، محققین اور سائنسدانوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کو صحت کے شعبے میں تحقیق، اختراع اور تعاون کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔تین روزہ کانفرنس کا مقصد پاکستان میں صحت کی تحقیق کے معیار کو عالمی سطح پر لانا، اور مختلف شعبہ جات و اداروں کے درمیان مؤثر شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔کانفرنس کا افتتاح وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد رحمان، سی ای او شفیق الرحمٰن، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر غلام رسول اور دیگر سینئر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر غلام رسول نے کانفرنس کو ایسا فورم قرار دیا جہاں محض تحقیق شیئر نہیں کی جاتی بلکہ خیالات، علم، اور شراکت کے نئے راستے کھلتے ہیں۔ تحقیق کا مقصد صرف نتائج حاصل کرنا نہیں بلکہ معاشرے میں حقیقی بہتری لانا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر محمد رحمان نے کہا کہ ہمیں بیماری آنے سے پہلے اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے صحت کے سنگین مسائل جیسے کینسر، گردے کی بیماریاں، وبائیں اور ماحولیاتی چیلنجز پر تحقیق کو ترجیح دینے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔شفیق الرحمٰن نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف ہیلتھ پروفیشنلز تیار کرنا نہیں بلکہ لیڈرز، پالیسی ساز اور تبدیلی لانے والے افراد پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے ہیلتھ کارڈ پروگرام اور RMI ریلیف کو صحت کی مساوی فراہمی کی مثال قرار دیا۔
پشاور سے مزید