کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ سے وابستہ افراد کی رجسٹریشن اور ان کو لائسنس کے اجراء کے لئے قانون سازی کی جائے گی کسی بھی عمارت کی منظوری نہ ہونے، منظوری سے زائد فلورز یا منظوری کے تحت تعمیر نہ ہونے والی عمارت کو بھی غیر قانونی تصور کیا جائے گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز رئیل اسٹیٹ ایسوسی ایشنز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،صدر آل کراچی رئیل اسٹیٹ نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ کی کراچی میں 22 ایسوسی ایشنز ہیں ان کی رجسٹریشن اور ان کو سرٹیفکیٹ کے اجراء کیلئے سندھ حکومت قانون سازی کرے ، سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں کسی قسم کی غیر قانونی عمارت کی تعمیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام ڈپٹی کمیشنرز کی سربراہی میں کمیٹی بنی ہوئی ہے اس کو مزید وسیع کیا جائے اور اس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ساتھ رئیل اسٹیٹ سے وابستہ تنظیموں، تمام یوٹیلیٹی سروسز اور آئی جی رجسٹریشن کے نمائندوں کو شامل کیا جائے۔