اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی بابر سرفراز الپا کی زیرصدارت ریجنل پولیس کوآرڈنیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں موجودہ امن و امان کی صورتحال، ادارہ جاتی ہم آہنگی میں موجود خامیوں، اور سکیورٹی کے بہتر انتظامات کے لیے تجویز پیش کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریجنل اور ضلعی سطح پر کوآرڈنیشن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تاکہ تمام سیکیورٹی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور فوری ردِعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔کمیٹیوں میں پولیس کے مختلف شعبہ جات (آپریشنز، انویسٹی گیشن، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی)، ضلعی انتظامیہ، انٹیلی جنس ادارے، پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ، اور کمیونٹی نمائندوں کو بطور مبصر شامل کیا جائے گا۔