اسلام آباد ( جنگ نیوز)صدر کراچی چیمبر آف کامرس جاوید بلوانی نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں کونسل آف کامن انٹریسٹ کے اجلاس میں سکھر کے قریب جاری دھرنے، سڑکوں کی بندش کے مسئلے کا فوری حل نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قو می شاہراہ کی بندش سے نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک کی تاجر برادری بہت پریشان ہے اورپریشان حال صنعتکار صورتحال سے تنگ آکر کاروبار ملک سے باہر منتقل کرنے کی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار روز ٹرانسپورٹر کی ہڑتال رہی، 11دن سے قومی شاہراہیں بند ہونے سے ترسیلات رک گئی ہیں، پیداوار بری طرح متاثر ہورہی ہے جس سے صنعتکاروں کو مال خراب ہونے کی وجہ سے بھاری نقصانات ہورہے ہیں اور ایکسپورٹ آرڈز بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔جاوید بلوانی نےکہا کہ تاجر برادری اور ملکی معیشت موجودہ حالات میں مزید نقصانات کی متحمل نہیں ہوسکتی۔