کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت سے جاری کشیدگی کے پیش نظر اپوزیشن اور حکومت متحد ہوگئے ہیں ، اپوزیشن جماعتوں نے ایک بار پھر بھارت کیخلاف حکومتی فیصلوں کی حمایت کردی ہے ، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم سب اکٹھے ہو کر بھارت کے خلاف جنگ لڑیں گے، نیشنل سکیورٹی کونسل کے اعلامیے کی حمایت کی ہے۔ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بھارت کے معاملے پر پوری قوم یکجا ہے، لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کو قتل کرنے والی بھارتی سرکار ہوش کے ناخن لے، جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں، وزیر داخلہ نے دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھارتی اقدامات پر پاکستان کے موقف اور فیصلوں پر اعتماد میں لیا اور نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات کی اور پاک بھارت حالیہ کشیدگی اور سرحدوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔