• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلائی اوورز کے نیچے فوڈ سٹریٹ کی تعمیر اور مسماری، عوامی حلقے حیران

راولپنڈی (جنگ نیوز) جنگ میں گزشتہ روز راولپنڈی میں چاندنی چوک اور 6th روڈ فلائی اوور کے نیچے تعمیر ہونے والی فوڈ سٹریٹ کو مسمار کرنے کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر پر عوامی حلقوں کی جانب سے ردعمل سامنے آرہا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج عبادالرحمٰن لودھی نے جنگ کے عوامی اہمیت کے معاملے کو اجاگر کرنے کو خراج تحسین پیش کیا ہے تاہم انہوں نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا ہے کہ کیسے ایک صوبائی ادارے پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی (PHA)کی جانب سے اتنا بڑا غیرقانونی پراجیکٹ شروع اور پھر مکمل بھی کردیا گیا۔ یہ امر بھی قابل غور ہے کہ اس فوڈسٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر برسراقتدار طبقے کی مقامی قیادت اسے ایک قابل فخر کارنامہ قرار دیتے ہوئے شہر کیلئے ایک تحفہ قرار دیتی رہی۔ جسٹس لودھی نے کہا کہ اب ایک صوبائی ادارے کی جانب سے مکمل کیا جانے والا پراجیکٹ دوسرے صوبائی ادارے ٹی ایم اے نے مسمار کردیا ہے۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ فوری طور پر ایک اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دیا جائے اور یہ تعین کیا جائے کہ اس پراجیکٹ کی انتظامی منظوری کس نے دی۔ اس پر آنے والے اخراجات کیلئے فنڈز کس Head سے جاری ہوئے۔ اس کی تکمیل میں کس کس ذمہ دار شخص نے کردار ادا کیا اور پھر ایک ماہ کی قلیل مدت میں کن وجوہات کی بنیاد پر اس منصوبے کو غیرقانونی قرار دے کرفوری طور پر مسمار بھی کردیا گیا۔ جسٹس لودھی نے مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کا تعین کرکے اس منصوبے پر اٹھنے والے تمام اخراجات ان کے ذاتی اکاؤنٹس سے منہا کرکے سرکاری خزانے میں جمع کرائے جائیں ۔
اسلام آباد سے مزید