اسلام آباد (محمد صالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار) قومی اسمبلی کا اجلاس آئندہ پیر کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا ہے 5مئی کو شروع ہونے والے اس اجلاس میں مقبوضہ کشمیرکے علاقے پہلگام میں قابض بھارتی فوج کے دہشت گردانہ حملے سے پیدا شدہ صورتحال پر بحث ہوگی ایوان اس سلسلے میں اتفاق رائے سے بھارت کی مذمت کے لئے قرارداد کی منظوری بھی دے گا۔ جنگ/دی نیوز کے خصوصی رپورٹنگ سیل کو پتہ چلا ہے کہ حکومت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے سے پہلے مختلف سیاسی جماعتوں کی کل جماعتی کانفرنس یا پارلیمنٹ میں موجود جماعتوں کی پارلیمانی قیادت کا اجلاس کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے گی اس سلسلے میں رابطوں کا کام وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پہلے ہی شروع کردیا ہے۔