کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں ابتدائی طور پر 100ای وی ٹیکسیاں سڑک پر لائی جائیں گی سینئر صوبائی وزیر و وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نےمنصوبے میںبینکس اور نجی سرمایہ کاروں کو بھی شرکت کی دعوت دے دی۔ سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کے عوام کو بہترین سفری سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، شہریوں کو آرام دہ ای وی ٹیکسی سروس کی فراہمی کے لئے محکمۂ سرمایہ کاری کا ادارہ سندھ انٹر پرائز ڈویلپمنٹ فنڈ (ایس ای ڈی ایف) خواہش مند کمپنیوں کو کائبور (KIBOR) سبسڈی فراہم کررہا ہے ۔وہ جمعرات کو یہاں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ای وی ٹیکسی منصوبے پر عمل درآمد کے لئے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر کے ساتھ ساتھ سندھ بینک کے اسد علی شاہ، ایس ای ڈی ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خضر پرویز اور متعلقہ افسران موجود تھے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ماحول دوست ای وی ٹیکسی سے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی، حکومت نے بااختیار عورت کا تصور مضبوط تر بنانے کے لئے عورتوں کے لئے مخصوص ای وی پنک ٹیکسی سروس کی فراہمی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔